قومی آن لائن نسل نوع مشاعرے میں ملک بھر کی 30جامعات کے طلباء وطالبات کی شرکت
:اسلام آباد (جی این پی)
اکادمی ادبیات اسلام آباد، انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار دی پرموشن آف سوشل سائنسز اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اشتراک سے منعقد ہونے والے قومی آن لائن نسل نوع مشاعرے میں ملک بھر کی 30جامعات کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ علم وادب سے لگاؤ بھی نوجوانوں کی ذہنی وفکری آبیاری کے لیے ضروری ہے۔ ادب کا ذوق رکھنے والے افراد بلا شبہ معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ ان کے اِدارے نے کووڈ 19وبائی بحران کے دوران ادبی سرگرمیاں آن لائن ذرائع سے جاری رکھیں۔ اس مشاعرے سے نوجوان شاعروں کو ملکی سطح پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا۔ جامعہ اسلامیہ کے سینڈیکیٹ رکن پروفیسر حمید رضا صدیقی نے آن لائن مشاعرے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی تربیت کے لیے بہترین موقع قرار دیا اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ انٹر یونیورسٹیز کنسورشیم کے قومی رابطہ کار مرتضیٰ نور نے کہا کہ نوجوان شاعروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے مشاعرے میں شرکت کر کے ایک نیا رحجان پیش کیا ہے جس سے ادبی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔