:اسلام آباد،۸ستمبر ۲۰۲۳ (جی این پی)
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے جمعہ کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
دونوں اداروں نے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے، باہمی تعاون کی سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے اور نقل و حرکت اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرنے پر اتفاق کیا۔
کامسٹیک اور قائداعظم یونیورسٹی نے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے میدان میں مشترکہ تعلیمی اور سائنسی پروگراموں کو تیار کرنے اور ان پر عمل درآمد کرنے اور قومی اور بین الاقوامی تقریبات جیسے کہ ورکشاپس، کانفرنسز، سمپوزیا، سیمینارز، نمائشوں، تربیتی کورس کے انعقاد میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: کامسٹیک اور انڈونیشیا کا او آئی سی کے سائنسدانوں کے لیے فیلوشپس کا آغاز
قائداعظم یونیورسٹی کو کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کا رکن بننے اور او آئی سی ٹیکنالوجی اور انوویشن پورٹل پر رجسٹر کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ قائداعظم یونیورسٹی اس مفاہمت نامے کے تحت کامسٹیک کے ممتاز سکالرز پروگرام میں بھی شامل ہو گی۔
اس مفاہمت کے تحت کامسٹیک قائداعظم یونیورسٹی میں او آئی سی ممبر ممالک سے طلباء، تعلیمی اور سائنسی عملے کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور سائنسی اور تعلیمی سرگرمیوں بشمول بین الاقوامی تعلیمی تبادلے کی بہتری کے لیے تعاون کرے گا۔
قائداعظم یونیورسٹی میں مکمل ڈگری پروگراموں کے لیے بین الاقوامی طلبہ کے داخلوں کے لیے کامسٹیک کی معاونت، سباتیکل دوروں کے ذریعے فیکلٹی کی ترقی، قائداعظم یونیورسٹی میں سائنس پارک کے قیام کے لیے تربیت اور مشاورت، 3-4 ہفتوں کی مدت کے لیے ٹیکنیشن کی تربیت کرنا بھی اس مفاہمت کا حصہ ہیں۔
مفاہمت نامے کے تحت، کامسٹیک قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ مل کر ایک پروگرام تیار کرے گا، جس کے ذریعے او آئی سی کے رکن ممالک بالخصوص افریقہ سے نوجوان محققین/طالب علم قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز کی نگرانی میں 6-12 ماہ کی مدت تک تحقیق کریں گے