قومی سطح پر نوجوانوں میں ہنرمندی کا عالمی دن منانے پر وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی کو صدر پاکستان کی مبارکباد
اسلام آباد (جی این پی): صدر اِسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے 2020 منانے پر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ صدر محترم نے اپنے تحریری پیغام میں لکھا ہے کہ "میں پاکستان میں
WYSD2020
کے انعقاد پر وائس چانسلر این ایس یو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقل بنیادوں پر اس طرح کی علمی تقریبات کا انعقاد ہوتا رہے گا۔ صدر پاکستان نیشنل سکلز یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، اور اُنہوں نے خاص طور پر اِس دن کی اہمیت کے بارے میں نوجوانوں میں ہنر مندی کی تعلیمی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے لکھا ہے۔ کہ "ہم ایک انتہائی متحرک دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں تکنیکی ترقی سے مطابقت رکھنے کیلئے ہر انسان کو اپنی کامیابی کی خاطر نئی مہارتوں کو مسلسل سیکھنے کی ضرورت ہے۔ COVID-19 وبائی مرض کی حالیہ اذیت نے طرز زندگی اور کام کے طریقوں کے لحاظ سے پورے عالمی نقشے کو تبدیل کردیا ہے۔ اس منظرنامے کے نتیجے میں نئے طریقوں سے طرز زندگی کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ ہر سطح پر پوری انسانیت کو نئے مسائل کا سامنا بھی ہے۔ آنے والے دنوں میں کامیاب زندگی گزارنے کیلئے خاص طور پر نوجوان نسل کیلئے یہ ضروری ہو گیا ہے۔ کہ وہ اپنے اندرتخلیقی سوچ ، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، اور متعلقہ نئی مہارتوں کو جلد از جلد سیکھیں ۔ باصلاحیت نوجوانوں میں مہارت پیدا کرنے اور اس میں اضافے کی خاطر تعلیمی اداروں اور نوکریاں مہیا کرنے والی صنعتوں کے مالکان کا مل جل کر بیٹھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیشنل سکلز یونورسٹی میں نوجوانوں کے عالمی دن 2020 کی تقریبات کا آغاز 15 جولائی کی صبح کو ” Skills for a Resilient Youth ” کے عنوان سے ایک کانفرنس کے ساتھ ہوا۔ اس کانفرنس میں زوم اور یونیورسٹی فیس بک کے توسط سے وائس چانسلرز ، طلباء ، میڈیا سمیت ملک کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اور اعلی درجے کے اسکالرز اور اکیڈمک رہنماؤں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کا پہلا لیکچر پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان جو وزیر اعظم پاکستان کی ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین ، وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے ٹیکنالوجی سے چلنے والی نالج اکانومی کے وائس چیئرمین نے دیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر پروفیسر عطا الرحمان نے "معیشت کو ترقی دینے والی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کی اہمیت” کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی۔ پروفیسر ڈاکٹر سہیل نقوی ، ریکٹر ، وسطی ایشیا یونیورسٹی ، تاجکستان ، قازقستان ، کرغزستان نے موجودہ مشکل حالات میں "کامیابی کے تعلیمی راستوں” کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ آئی بی ایم کینیڈا سے ٹیلنٹ اینڈ منیجمنٹ کی کنسلٹنٹ محترمہ فریدہ انصاری نے "مستقبل کی ہنر مندی والی تعلیم سے آنے والی نسلوں کو آگاہ کرنے” کا وسیع جائزہ پیش کیا۔ سوالات و جوابات کے سیشن کے دوران انڈونیشیا سمیت ملک کے تمام حصوں کے طلباو طالبات نے شرکت کی۔ دوپہر کے اجلاسوں میں بنیادی طور پر نوجوانوں اور عوام میں مہارت کے مقابلوں کا انعقاد ہوا۔
ملک بھر کے ہنر مندی کے اداروں کے سربراہان اورمعززین نے نیشنل سکلز یونیورسٹی کو اس بروقت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار ، چیئرمین آل پاکستان وائس چانسلرز کمیٹی ، ملک بھر کے وائس چانسلرز ، چیئرپرسنز ، ٹیوٹا ، نیشنل ٹیکنالوجی کونسل ، نیوٹک ، کے ریکارڈ شدہ مبارک باد کے پیغامات یونیورسٹی کانفرنس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ https://wysd2020.nsu.edu.pk/index.html#messages
یہاں یہ بتانا بہت ضروری ہے کہ یونیسکو اور UNEVOC جیسی بین الاقوامی تنظیموں نے اس کانفرنس کو اپنی ویب سائٹس پر نمایاں طریقے سے آویزاں کیا ہے اس کے علاوہ سوئٹزر لینڈ کے تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی نیشنل سکلز یونیورسٹی کے اقدام کو سراہا ہے۔
وائس چانسلر ، نیشنل سکلز یونیورسٹی نے اس پروگرام کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس ایونٹ کے انعقاد میں تعاون کرنے پر قومی ٹیکنالوجی کونسل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔