وائس چانسلر، قائد اعظم یونیورسٹی نے یونیورسٹی المنائی کے ساتھ مضبوط اور قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا
اسلام آباد (جی این پی): پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر، قائد اعظم یونیورسٹی، اسلام آباد اور چیئرمین وائس چانسلر کمیٹی، پاکستان نے یونیورسٹی المنائی کے ساتھ مضبوط اور قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ اعلی تعلیمی ادارے کووڈ -19 کے باعث اور اس کے بعد پیدا ہونے والے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں ۔
انہوں نے اپنے ان خیالات کا اظہار قائداعظم یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن، پاکستان کے زیر اہتمام ورچوئل انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا۔
وائس چانسلر نے جامعات کی درجہ بندی کرنے والے ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے "گولڈن ایج” یونیورسٹیز میں قائداعظم یونیورسٹی کو صفحہ اول کی سو جامعات میں شامل کیے جانے پر اساتذہ، طلباء، ملازمین اور سابق طلباء کو مبارکباد پیش کی انہوں نے اس اعزاز کو کیو۔اے۔یو۔ فیملی کی انتھک کوششوں اور بہترین شراکت کا نتیجہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ مطلوبہ مالی تعاون مہیا ہونے پر قائد اعظم یونیورسٹی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مزید اعزازات حاصل کر سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اعلی تعلیمی اداروں کو درپیش مالی اور دیگر چیلنجز پر قابو پانے کے لیے "ایجوکیشن ایمرجنسی” کے نفاذ کی تجویز بھی پیش کی انہوں نے اپنے انٹرویو میں قائداعظم یونیورسٹی کے طلبا کوفراہم کی جانے والی سہولیات اور درس و تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور قائداعظم یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ قائم کیے گئے متعدد آفسز کی کارکردگی کا بھی ذکر کیا، جن میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز ز، ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس، بزنس انکیوبیشن سینٹر، کیرئر کونسلنگ سینٹر اور جاب پلیسمنٹ سینٹرز شامل ہیں۔ انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن کی اپنی مادر علمی کے ساتھ دو دہائیوں پر مشتمل شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کیو۔ اے۔ یو ، قائد اعظم یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر طلبہ کی بہبود کے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے کام جاری رکھے گی۔ وائس چانسلر نے مرحوم سکندر احمد رائے ان کی ٹیم اور مرتضی نور سیکرٹری جنرل، المنائی ایسوسی ایشن کی پرجوش اور مخلصانہ کوششوں کا بھی ذکر کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ادارے کی ترقی کے لیے گذشتہ بیس برسوں سے جاری یہ تعاون جاری رہے گا۔ سیشن کے اختتام پر انہوں نے دنیا بھر سے قائدین کے سوالات کے جوابات دیئے۔ اس انٹرایکٹیو سیشن میں مرتضی نور اور فرحت آصف نے میزبانی کے فرائض ادا کیے۔