پاکستان اور یو کرائن، ادبی و ثقافتی منصوبے کو قومی شاعروں کے نام وقف کرتے ہوئے روابط کو مستحکم بنانے کےلیے پر عزم
انعام اللہ خان وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادیمیر لکوموف سے اپنے دفتر میں ملاقات
اسلام آباد یکم فروری 2020 ( جی این پی ) : پاکستان اور یوکرائن ادبی اور ثقافتی سطح پر روابط کو مستحکم بنائیں گے اور مختلف ادبی ثقافتی منصوبوں پر کام کریں گے۔ یہ بات انعام اللہ خان وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادیمیر لکوموف سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادیمیرلکوموف نے کہا کہ پاکستان اور یوکرائن کے درمیان بہت سی ثقافتی مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی روابط بڑھانے کے لیے ادبی سطح پر ایک منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس ادبی ثقافتی منصوبے کا نام "ڈاکٹر محمد اقبال اور ترس شوچینکو” رکھا ہے۔ یہ پاکستان اور یوکرائن کے قومی شاعروں کے نام وقف کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں دونوں شعراء کے اشعار اور فلسفہ کو تراجم کے ذریعہ اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے دوطرفہ ثقافتی منصوبے کو فروغ دینے کے سلسلے میں بھی گفتگو کی۔ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انعام اللہ خان نے پاکستان اور یوکرائن کے قومی شاعروں کے حوالے سے منصوبے کا خیر مقدم کیا اور ڈویژن کی طرف سے ہر ممکنہ تعاون کی پیشکش کی۔ اس موقع پر سیکنڈ سیکرٹری برائے ثقافت و بشریات ڈاکٹراولینا بورڈیلووسکایا موجود تھیں۔ (جی این پی )