عارف بالاگام والا نے بوسٹن ورلڈ اسٹیمپ ایکسپو میں کورٹ آف آنر حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

عارف بالاگام والا نے بوسٹن ورلڈ اسٹیمپ ایکسپو میں کورٹ آف آنر حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

بوسٹن/کراچی:  کراچی کے معروف تاجر، فلاٹیلسٹ عارف بالاگام والا(تمغۂ امتیاز) نے امریکا کے شہر بوسٹن میں منعقد ہونے والی بوسٹن ورلڈ اسٹیمپ ایکسپو 2026 میں ”کورٹ آف آنر“ کا اعزاز حاصل کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخرسے بلند کردیا ہے۔عارف بالاگام والا79سالوں میں کورٹ آف آنر میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی اورمعتبربوسٹن ورلڈ اسٹیمپ ایکسپو23 سے 30 مئی 2026 تک منعقد ہوئی۔ایکسپو میں عارف بالاگام والا کی ”برٹش انڈین ایئر میلز 1911 تا 1936“ پر مشتمل نادر اور تحقیقی نمائش کو کورٹ آف آنر میں جگہ دی گئی جو عالمی سطح پر فلاٹیلی کے شعبے میں سب سے بڑا اعزاز تصور کیا جاتا ہے۔

             یہ مقام صرف ان چند ماہرین اور کلکٹرز کو حاصل ہوتا ہے جن کی نمائشیں غیرمعمولی معیار اور عالمی سطح پر نمایاں کامیابیوں کی حامل ہوں۔یہ تاریخی اعزاز اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کے مترادف ہے جو عارف بالاگام والا کی 20 سال سے زیادہ انتھک محنت اور لگن کا ثمر ہے۔اس اعزاز کے حصول کے لیے ورلڈ اسٹیمپ نمائشوں میں مختلف ادوار میں 3 گولڈ میڈلز اور 3 لارج گولڈ میڈلز حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جس کے بعد بھی میزبان ملک کی خصوصی دعوت درکار ہوتی ہے۔

            عارف بالاگام والا کی یہ کامیابی دو دہائیوں پر محیط مسلسل محنت، تحقیق اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اپنا آخری لارج گولڈ میڈل 2006 میں واشنگٹن میں منعقدہ عالمی نمائش میں حاصل کیا تھا جبکہ بوسٹن 2026 میں کورٹ آف آنر تک رسائی ان کی 20 سالہ جدوجہد کا نقطہ عروج ثابت ہوئی۔ وہ فلاٹیلی کے ممتاز ترین اعزاز ”رول آف ڈسٹنگوئشڈ فلاٹیلسٹس“ میں بھی شامل ہیں جو فلاٹیلی کے اعلیٰ ترین انفرادی اعزازات میں سے ایک ہے۔

            انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ روابط کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہیں پاکستان میں امریکی سکے اور ڈاک ٹکٹ ڈیزائن کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے یہ وجہ ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان ایک ثقافتی سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔عارف بالاگام والا کا کہنا تھا کہ 20 سال کی محنت اور کوشش کے بعد آخر کار انہوں نے یہ حاصل کر لیا۔

global news
+ posts