ہنر مندی والی تعلیم کی سفارت کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسلام آباد 12دسمبر 2019 (جی این پی): نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں ہونے والے سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے مختلف ممالک کے دو درجن سے زیادہ سفیروں اور پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے اعلی تعلیمی درسگاہوں کے وائس چانسلر صاحبان، اور معزز مہمانوں کو خطاب کرتے ہوئے بتایا، کہ ہنر مندی کی تعلیم سفارت کاری کی دنیا میں ہم آہنگی کی فضا قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اِس سیمینار کا انعقاد انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فاردی پروموشن آف سوشل سائنسز ؛ فیصل بنک آف پاکستان اور انسٹیٹوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔
قابل ذکربات یہ ہے، کہ نیشنل سکلزیونیورسٹی میں چند ہفتے پہلے مستقل وائس چانسلر کو تعینات کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کے مطابق اعلی ہنر مندی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ملک کی ہنر مندی کو بچانے کی اہم ضرورت ہے۔ َاس سلسلے میں انہوں نے نیشنل سکلز ولیج کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ آنے والے وقتوں میں ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے تحت ملکی ہنرمندی کوبھی دنیا میں روشناس کرایا جا سکتا ہے۔ اِس سلسلے میں قومی ادارہ نیوٹیک ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی اکیسویں صدی میں استعمال ہونے والی ہنرمندی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی ہنرمندی کو بھی دنیا میں روشناس کرائے گی۔
سیمنار میں پروفیسر ڈاکٹر جنید زیدی، ایگزیگٹو ڈائریکٹر کامسیٹس نے پروفیسر مختار کو مبارک باد دیتے ہوئے یہ بتایا کہ کافی عرصہ پہلے کامسیٹس یونیورسٹی کی بنیاد بھی نیشنل سکلز یونیورسٹی کے آج کی تقریب میں استعمال ہونے والے ہال میں رکھی گئی۔ وائس چانسلر کمیٹی کےچیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے اس بات پر زوردیا کے ملک کی تمام اعلیٰ اور ہنرمندی کی تعلیم کے اداروں کو نیشنل سکلز یونیورسٹی سے تعاون کرنا چاہیے۔ انسٹیٹوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کی ڈائریکٹر فرحت یاسمین نے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے اقدامات کو بہت سراہا اور مستقبل میں ہنر مندی کی تعلیم کے بارے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے نیشنل کوارڈینیٹر مرتضیٰ نورنے ملک میں سکلز کی تعلیم دینےوالے تعلیمی درسگاہوں کا کنسورشیم بنانے پر زور دیا۔ معزز مہمانوں میں مالا کنڈ یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف ساہیوال، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، جی سی یونیورسٹی لاہور ، اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور ، مسلم یوتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر صاحبان، پاکستان میں امریکن انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ، اور نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے خصوصی طور پر شرکت کرکے ملک میں ہنرمندی کی تعلیم کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنےکی یقین دہانی کرائی۔