قونصل جنرل پاکستان گوانگژو سردار محمد کا شیامن کا دورہ، پاکستانی کمیونٹی اور سائنسدانوں سے ملاقات

قونصل جنرل پاکستان گوانگژو سردار محمد کا شیامن کا دورہ، پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

شیامن، چین: قونصل خانے پاکستان گوانگژو کے قونصل جنرل سردار محمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ صوبہ فوجیان کے شہر شیامن کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی کمیونٹی، سائنسدانوں، محققین، کاروباری شخصیات، اساتذہ اور طلبہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سردار محمد نے پاکستانی سائنسدانوں، پوسٹ ڈاک محققین اور پی ایچ ڈی طلبہ کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بالخصوص تحقیق، تعلیم اور سائنس کے شعبوں سے وابستہ افراد پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیامن میں مقیم پاکستانی اپنی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پاکستانیوں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور ان کی کوششیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

سردار محمد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کو حکومتِ پاکستان خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی درحقیقت پاکستان کے سفیر ہیں جو اپنے کردار، اخلاق اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

انہوں نے چینی حکومت اور تعلیمی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستانی طلبہ، سائنسدانوں اور محققین کو تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی اور سائنسی صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں۔

قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں چین میں مقیم پاکستانیوں کو مقامی قوانین اور ضوابط کی پاسداری کی بھی تلقین کی اور کہا کہ قوانین کا احترام دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

رپورٹ: عثمان مسعود

News Desk
+ posts