پی سی ڈی ایم اے کا بجٹ میں جی ایس ٹی،  ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، ایف ٹی آر بحالی

پی سی ڈی ایم اے کا بجٹ میں جی ایس ٹی،  ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، ایف ٹی آر بحالی

            پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے وفاقی بجٹ 2026-27 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کاروباری طبقے پر بڑھتے ہوئے کمپلائنس بوجھ کو کم کرنے، جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے کہا کہ سخت آڈٹ اور پیچیدہ تقاضے ٹیکس دہندگان کو غیر رسمی معیشت کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری ٹیکس دینا چاہتی ہے مگر پیچیدہ طریقہ کار اور رہنمائی کے فقدان کے باعث غلطیاں کرتے ہیں جنہیں ایف بی آر نوٹسز میں بدل دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایف بی آر کو رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے والا رویہ اپنانا چاہیے۔ پی سی ڈی ایم اے نے جی ایس ٹی کی شرح کو 18 فیصد سے کم کر کے 16 فیصد کرنے اور بتدریج سنگل ڈیجٹ تک لانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کم شرح ٹیکس سے کمپلائنس بہتر ہوگی، ٹیکس نیٹ وسیع ہوگا اور حکومتی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

            بجٹ تجاویز میں آمدنی ٹیکس کے حوالے سے خام مال کی مقامی سپلائی پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو 5 اور 5.5 فیصد سے کم کر کے 2 اور 2.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کمرشل اور صنعتی درآمد کنندگان کے درمیان غیر مساوی ٹیکس سلوک پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یکساں درآمدات پر یکساں ٹیکس لگنا چاہیے۔کسٹمز کے حوالے سے وی بوک ٹوکن فیس ختم کرنے اور این ٹی این کی بنیاد پر خود کلیئرنس سہولت بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس سہولت کے خاتمے سے کسٹمز دفاتر میں تاخیر اور انتظامی مسائل بڑھ گئے ہیں۔ بجٹ تجاویز میں ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کو ختم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے جسے ایسوسی ایشن نے غلط استعمال اور ریونیو لیکیج کا باعث قرار دیا لہٰذا اس کے بجائے ریفنڈ نظام کو مضبوط اور تیز تر بنانے پر زور دیا گیا۔

global news
+ posts