google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

فیصل بینک کا آپریٹنگ منافع 2023 کے اختتا م پر دوگنا ہوگیا

:کراچی،7  فروری 2024 (جی این پی)

پاکستان کے صف اول کے اسلامی بینکوں میں شامل فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2023 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو کاروبار کے صحت مند بنیادی اصولوں کے ساتھ ساتھ محتاط رسک مینجمنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔

بینک کی حال ہی میں شائع مالیاتی رپورٹ کے مطابق ایف بی ایل کا آپریٹنگ منافع دوگنا ہوکر 42.3 ارب روپے ہوگیا ہے۔ جب کہ 1 ٹریلین ڈپازٹس کے ساتھ بینک نے نیا سنگ میل بھی عبور کرلیا ہے۔

پاکستان کے اسلامی بینکاری شعبے میں نمایاں پوزیشن کے حامل فیصل بینک کو انفرادی بنیادوں پر ریکارڈ 41.4 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع  ہوا، جو گزشتہ سال کے 22.4 ارب روپے کے مقابلے میں 85 فیصد زائد ہے۔ ایف بی ایل کا خالص منافع 80 فیصد بڑھ کر 20.0 ارب روپے پر جاپہنچا ہے۔

بینک کی فی حصص آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو 7.40 روپے فی حصص سے بڑھ کر 13.21روپے فی شیئر ہوگئی ہے۔ مزید برآں ایف بی ایل نے فی شیئر 20فیصد یعنی 2 روپے فی شیئر عبوری نقد منافع دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ اس 2 روپے عبوری نقد منافع کے علاوہ ہے جو سال کے دوران پہلے ہی ادا کیا جاچکا ہے۔

  مزید پڑھیں: چینی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

بینک کے کُل اثاثہ جات دسمبر 2022 کے مقابلے میں 27.5 فیصد اضافے سے1.4 ٹریلین روپے ہوگئے ہیں۔ ایف بی ایل کی یہ ترقی مضبوط کاروباری بنیاد اور محتاط رسک مینجمنٹ کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔ مستحکم اور متنوع کاروباری ماڈل اور فعال کریڈٹ پالیسیوں نے ایف بی ایل کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے کہا ”1 ٹریلین روپے ڈپازٹس کا سنگ میل صارفین کی ہم پر اعتماد اور بھروسہ کی تصدیق ہے۔

ہم شریعہ کے اصولوں کے مطابق جدید اور بہترین اسلامی بینکاری خدمات کی فراہمی کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں، جس کے ہمارے تمام شراکت داروں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔“

فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا ”ہم اپنے تمام شراکت داروں کے غیرمتزلزل حمایت کے شکر گزار ہیں، جو فیصل بینک کی اس بے مثال ترقی کے سفر میں محرک قوت ہے۔ ہم ترقی کی اس رفتار کو نہ صرف برقرار رکھنا چاہتے ہیں، بلکہ فیصل بینک کو اسلامی بینکاری کے میدان میں اعلیٰ ترین مقام پر پہنچانے کے بھی خواہاں ہیں، جس کے لیے ہماری توجہ اپنے بڑھتے ہوئے صارفین کو صارف دوست مصنوعات اورخدمات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk