امن ایوارڈ
انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز کے نیشنل کو آرڈینیٹر محمد مرتضی نور کو امن ایوارڈ سے نوازا گیا
اسلام آباد: (جی این پی) 26 دسمبر 2019 : پیغام پاکستان، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز کے نیشنل کو آرڈینیٹر محمد مرتضی نور کو امن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق 45 سے زائد پرائیویٹ اور سرکاری جامعات کے کنسورشیم کے نیشنل کو آرڈینیٹر محمد مرتضی نور کو پاکستانی جامعات میں امن اور رواداری کے فروغ کے لئے کی جانے والے کاوشوں کے اعزاز میں خصوصی امن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش ، ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر ضیاء الحق نے محمد مرتضی نور کو تقریب کے اختتام پر خصوصی ایوارڈ پیش کیا۔ اس حوالے سے محمد مرتضی نور کا کہنا ہے کہ ہماری جامعات امن اور رواداری کا گہوارہ ہیں۔ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے زیر اہتمام ملک بھر کی جامعات میں فروغ امن کے لئے مختلف تقریبات کے انعقاد کا مقصد یہی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں موڑا جائے اور اسٹوڈنٹس کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے۔ اس حوالے سے محمد مرتضی نور نے ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم، ریسرچرز، طالب علم رہنماؤں، اور یوتھ کونسلز کی جانب سے مبارکباد بھی وصول کیں۔