
خواندگی کورس کو زندگیوں میں مثبت تبدیلی کے ساتھ روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ڈاکٹر ناصر محمود
اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایڈلٹ لٹریسی سینٹر کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی کے مالیوں اور سیکیورٹی گارڈز کے لیے تین ماہ پر مشتمل خواندگی کورس کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر تقسیمِ اسناد کی پُروقار تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تھے۔تقریب میں وائس چانسلر نے کامیاب شرکاء کو اسناد پیش کیں اور ان کی محنت و لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ نہ صرف طلبہ بلکہ اپنے عملے کو بھی خواندگی اور تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایڈلٹ لٹریسی سینٹر کے منتظمین کو ہدایت دی کہ آئندہ مرحلے میں ملازمین کی پیشہ ورانہ ضروریات سے متعلقہ تربیت کو بھی شامل کیا جائے تاکہ وہ اپنے کام کو مزید بہتر طور پر انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب علم اور ہنر کے ساتھ مثبت رویے بھی پروان چڑھیں۔ ایسی تربیت فراہم کی جائے جو نہ صرف ملازمین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے بلکہ انہیں دوسروں کے لیے بھی زیادہ مفید اور کارآمد بنا دے۔اس موقع پر ڈائریکٹر تعلیمِ بالغاں سینٹر ڈاکٹر محمد اجمل چوہدری نے کہا کہ یہ کورس نہ صرف شرکاء کی عملی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے گا بلکہ انہیں ذاتی اور پیشہ ورانہ سطح پر بہتر کارکردگی دکھانے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر اجمل کا کہنا تھا کہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ اگر انسان میں جذبہ اور شوق موجود ہو تو وہ کسی بھی مرحلے پر کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ احسان الٰہی جو یونیورسٹی میں مالی کے فرائض انجام دیتے ہیں، اسی مرکز سے پڑھنا اور لکھنا سیکھنے کے بعد آج میٹرک مکمل کر چکے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لگن اور محنت انسان کو ہمیشہ آگے بڑھاتی ہے۔ڈاکٹر طاہرہ بی بی نے بتایا کہ یہ تربیتی کورس یکم نومبر سے 31 دسمبر تک جاری رہا جس میں 25 ملازمین نے مہارت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اس شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لیے جمع ہیں۔شرکاء نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس نے ان کے اندر نئی توانائی اور اعتماد پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ چیک خود لکھ سکتے ہیں، سائن بورڈز اور اخباری سرخیاں پڑھ سکتے ہیں جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.