
اسلام آباد - وزیر مملکت خزانہ و ریلوے،وزیراعظم ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے جہلم شہر اور مضافات میں محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بلال اظہر کیانی کی صدارت میں ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال ، محرم کے دوران عوام، عزا داران اور محرم کے جلوسوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میسم عباس، ڈی پی او طارق سندھو، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹیز، ایکس ای این بلڈنگز، ہائی ویز، آئی ای سی ایس او، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (SNGPL)، پی ٹی سی ایل اور محرم کے دوران فرائض انجام دینے والے دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
بلال اظہر کیانی نے امام عالی مقام، حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محرم اسلامی کیلنڈر کے چار مقدس اور محترم مہینوں میں سے ایک ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان ان محترم دنوں کو مذہبی عقیدت واحترام سے مناتے ہیں۔
وزیر مملکت نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلوسوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے عزاداروں کے لئے راستوں کی صفائی، بجلی کی تاروں کو ہٹانے، گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے اور راستوں پر سکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
بلال اظہر کیانی نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور سیف سٹی سیٹ اپ کا بھی دورہ کیا اور ٹریفک کے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر مملکت نے عزاداروں کے لئے سبیلوں کے قیام ، فرسٹ ایڈ، کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو 1122 کے علاوہ ہسپتالوں کے طبی عملے اور ایمبولنسز کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے عزاداروں اور محرم کے جلوسوں کے لئے سہولیات اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیرمملکت خزانہ نے شیعہ برادری کے رہنماؤں اور جلوسوں کے منتظمین کے ہمراہ متعدد امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے قائدین اور علما نے انتظامات پر حکومت اور ذاتی طورپر دورہ کرنے پر بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا اور ان کوششوں کو سراہا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاکہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.