
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا محرم الحرام اور نئے ہجری سال کے آغاز پر پیغام
اسلام آباد، : چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہجری سال 1447 کے آغاز اور محرم الحرام کے مقدس مہینے کے موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ نیا سال پاکستان، امت مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن، اتحاد، ترقی اور انصاف کا پیغام لے کر آئے۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ قربانی، صبر، استقامت اور حق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ امام حسینؑ اور ان کے جانثار رفقاء نے میدانِ کربلا میں حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ کر انسانیت کو یہ سبق دیا کہ ظلم کے سامنے سر جھکانا زندگی نہیں، بلکہ حق پر ڈٹ جانا ہی اصل کامیابی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا آج جب کہ دنیا کے کئی خطوں میں ظلم و ناانصافی کا بازار گرم ہے، خاص طور پر کشمیر اور فلسطین میں مظلوم عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، تو ہمیں امام حسینؑ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنا کر مظلوموں کی آواز بننا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ظلم کے خلاف جدوجہد اور مظلوموں کی داد رسی ہماری دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے علما و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، وحدتِ امت اور امن کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ان کی دانشمندانہ رہنمائی معاشرے کو نفرت، انتہا پسندی اور بدامنی سے محفوظ رکھنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسینؑ کے نقشِ قدم پر چلنے، حق و صداقت کا ساتھ دینے، اور مظلوموں کی حمایت کا حوصلہ عطا فرمائے۔ اللہ رب العزت پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.