اوٹاوا (10 مئی 2026 ): کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں تینوں قونصل خانوں نے آج معرکہ حق کی پہلی سالگرہ جوش و خروش کے ساتھ منائی اور افواج پاکستان اور شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ پُروقار تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس تقریب میں صدر، وزیراعظم اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں پاکستانی قوم کے عزم اور پاکستان کی مسلح افواج کے ہیروز کی بہادری کو اجاگر کیا گیا۔

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مئی 2025 میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران عزم کے ساتھ اپنے دفاع کے جائز حق کا استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون پر ثابت قدم رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”معرکہ حق” کی کامیابی ایک طاقتور یاد دہانی کے طور پر موجود ہے کہ قومیں صرف جنگی صلاحیت سے نہیں، بلکہ عوام کے اپنے جائز حقوق اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ثابت قدم جذبے سے مضبوط ہوتی ہیں۔
تقریب میں شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عہد کیا کہ معرکہ حق آنے والے وقتوں میں پاکستان کو مزید مضبوط اور پرعزم بنانے کے لیے قوم کو تحریک دیتا رہے گا۔
