
اسلام آباد : آج خواندگی کے عالمی دن پر پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر علم و تدریس کی قوموں کی تعلیمی, معاشی و معاشرتی زندگی میں اہمیت اور ترقی و خوشحالی میں بنیادی حیثیت کو اجاگر کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔
تعلیم محض لکھنے پڑھنے کی صلاحیت یا حروف تہجی سے واقفیت کا نام نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر کسی بھی قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہوئے تابناک مستقبل کی طرف سفر کرنے کا نام ہے.
تعلیم و تربیت، خواندگی اور علم و تدریس کا یہ سفر کسی بھی قوم کی نسلوں کو سنوارنے کی ایک جہد مسلسل یے۔لہذا یہ کسی بھی ملک کی مجموعی اور بامعنی ترقی کے لیےحکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
پاکستان میں خواندگی کی شرح 60 فی صد ہے جو کہ نہ صرف دنیا کے جدید تقاضوں سے کم ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے دوسرے ممالک سے بھی کم ہے۔
یہ فکر انگیز صورتحال ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم تعلیم کے حصول کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوۓ ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہم اپنے بچوں، جوانوں اور معاشرے کی اجتماعی ترقی کے راستے کھول سکیں۔
تعلیم کے حصول کی اہمیت دین اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے اور بانی پاکستان محمد علی جناح نے بھی اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وفاقی اور صوبائی حکومتیں علم و تدریس کے فروغ اور خواندگی کے شرح میں اضافہ کے لیے متحد ہیں۔ اس قومی مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر بچہ نہ صرف بنیادی تعلیم حاصل کرے بلکہ اعلی تعلیم، ہنر مندی اور ٹیکنیکل علم سے اسکی واقفیت بھی یقینی ہو۔ قوم کی نسلوں کوجدید دور کی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا یہ واحد راستہ ہے۔
لیکن یہ قومی مقصد کوئی بھی حکومت عوام کی حمایت کے بغیر حاصل نہیں کر سکتی اسکے لیے اساتذہ، والدین،اور سماجی سطح پر ہر شہری کو اپنا فرض اور کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
آئیے آج مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم بحیثیت قوم ناخواندگی کے اندھیرے کو علم کی روشنی سے منور کریں گے اور ایک مضبوط، باصلاحیت اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.