
اسلام آباد: : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک فوج سمیت وفاقی و صوبائی اداروں کو متاثرین کی بروقت اور فوری مدد فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے متاثرہ علاقوں کے دورے امدادی کارکنوں کے لیے حوصلہ افزائی اور متاثرین کی دلجوئی کا باعث ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی متاثرہ علاقوں میں موجودگی اور ریلیف آپریشن کی مانیٹرنگ کی حکمتِ عملی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خود ساری صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور متاثرین تک امداد کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اعلان کیا کہ وہ دریائے راوی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک قومی فریضہ ہے جسے ہم سب کو مل کر پورا کریں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین کی امداد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا تاکہ عوام کو اس قسم کی قدرتی آفات کے نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس آفت کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ سندھ اور ملک کے دیگر حصوں کو بھی سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھے آمین۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.