
غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی: ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ
راولپنڈی: انفورسمنٹ سکواڈ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کیپیٹل سمارٹ سٹی فیز-III کے مارکیٹنگ آفس اور وہاں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے اے ٹی ایم کو سیل کر دیا ہے۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق مذکورہ سکیم کے سپانسر قانونی منظوری اور آر ڈی اے سے این او سی حاصل کیے بغیر غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی بکنگ، تشہیر اور تعمیراتی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ یہ سرگرمیاں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز و لینڈ سب ڈویژن رولز 2021 کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ واضح رہے کہ آر ڈی اے نے پہلے ہی سپانسر کو نوٹس جاری کیا تھا تاہم ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ آپریشن اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا کی سربراہی میں کیا گیا، جس میں سکیم انسپکٹرز محمد طارق، عمران حسین اور دیگر عملے نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران تھانہ چونترہ پولیس اسٹیشن راولپنڈی کی جانب سے بھی بھرپور معاونت فراہم کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ آر ڈی اے شہر کی منصوبہ بندی اور ترقی کے ضابطوں کے مؤثر نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم غیر قانونی تعمیرات اور کاروباری سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیتے رہیں گے۔ ایسی خلاف ورزیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے پہلے اس کی قانونی حیثیت آر ڈی اے سے ضرور معلوم کریں تاکہ وہ کسی دھوکہ دہی یا نقصان سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آر ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تجاوزات کا خاتمہ ہو اور راولپنڈی کی شہری ترقی قانونی، منظم اور محفوظ طریقے سے ممکن ہو سکے۔ آخر میں انہوں نے ہدایت کی کہ عوام آر ڈی اے سے منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق معلومات کے لیے آر ڈی اے کے دفتر یا ہماری ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔۔۔۔۔۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.