
اسلام آباد، : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک فضائیہ کو برطانیہ میں منعقدہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (Royal International Air Tattoo – RIAT) 2025 کے شو میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ JF-17 تھنڈر بلاک سی اور C-130 طیاروں کی شاندار پرفارمنس نہ صرف پاکستان کی تکنیکی برتری کا مظہر ہے بلکہ ان ایئرکرافٹس کو پیش کرنے والے پائلٹس، ٹیکنیشنز اور قیادت کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن نے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دشمن کے چھ جنگی طیاروں کو مار گرانے کا کارنامہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، چابک دستی اور دفاعی تیاریوں کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع نہایت باصلاحیت اور باہمت محافظوں کے ہاتھوں میں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو جیسے عالمی ایونٹ میں پاک فضائیہ کی کامیابی دراصل پاکستان کے قومی وقار کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک پرعزم، مضبوط اور دفاعی طور پر باصلاحیت قوم ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے وطن عزیز کے محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج، خصوصاً پاک فضائیہ پر فخر ہے، جو ہر میدان میں پاکستان کا پرچم سربلند رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.