
اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قدرتی آفات پوری قوم کے لیے ایک بڑی آزمائش ہوتی ہیں اور ایسے وقت میں قومی یکجہتی، اتحاد اور ہمدردی کا مظاہرہ نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔
اسپیکر ایاز صادق نے وفاقی اور صوبائی اداروں پر زور دیا کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز، مربوط اور مؤثر بنائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پر رہائش، خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.