
اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل دفتر لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور کے تعاون سے ملتان، کوٹ مومن (سرگودھا) اور حاصل پور میں غیر قانونی سم سرگرمیوں کے حوالے سے کامیاب چھاپے مارے۔
ملتان میں مارے گئے چھاپے کے دوران تمام موبائل آپریٹرز کی بڑی تعداد میں فعال سموں کے ساتھ ایک غیر قانونی سیٹ اپ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ضبط شدہ سموں کے تجزیے کے نتیجے میں کوٹ مومن میں واقع زونگ فرنچائز کا پتہ چلا، جہاں فرنچائز مالک اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ موقع پر تفتیش سے معلوم ہوا کہ حاصل پور میں ایک شخص غیر قانونی سموں کے اجراء کے لیے فنگر پرنٹس فراہم کر رہا تھا اور فعال سمیں بھی جمع کر رہا تھا۔ مزید تحقیقات کے نتیجے میں مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جو وہاڑی، حاصل پور اور ملتان میں یوفون فرنچائزز کا مالک اور لاہور میں سابقہ جاز فرنچائز کا مالک تھا۔
چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 15,996 سمیں (12,636 یوفون، 1,370 جاز، 1,100 زونگ اور 890 ٹیلی نار)، زونگ کے 18 بائیومیٹرک ویریفیکیشن ڈیوائسز، ایک 128 پورٹ گیٹ وے، چھ 64 پورٹ گیٹ ویز اور چار 32 پورٹ گیٹ ویز برآمد کیے گئے۔ NCCIA کی جانب سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے یہ اقدامات ملک بھر میں غیر قانونی سموں کے اجراء کی روک تھام اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کے لیے ادارے کے عزم کا مظہر ہیں۔ عوام کو کہا جاتا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کی اطلاع کے لیے پی ٹی اے کی ہیلپ لائن 080055055 پر رابطہ کریں یا شکایت کا آن لائن اندراج کرائیں:
https://complaint.pta.gov.pk/userlogin.aspx
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.