
اسلام آباد، ؛ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ائیر اسٹاف، پاکستان ایئر فورس نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام ایک خط میں اُن کے پارلیمانی کردار، قیادت اور افواجِ پاکستان کے حق میں اظہارِ یکجہتی پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
ائیر چیف مارشل نے اسپیکر سردار ایاز صادق کی اس جرات مندانہ قیادت کو سراہا، جس کے تحت انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی کو فروغ دیا اور پارلیمانی قیادت کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ پارلیمان کی جانب سے قومی اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے پر پاک فضائیہ تحہ دل سے مشکور ہے۔ ائیر چیف مارشل نے کہا کہ قومی اسمبلی کے معزز اراکین کی طرف سے پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی کا اظہار نہ صرف قابلِ فخر ہے بلکہ افواجِ پاکستان کے مورال کو بلند رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن ردعمل پر پارلیمانی و قومی قیادت کی جانب سے خراجِ تحسین ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کی کامیابی اللہ رب العزت کے فضل، قوم کے اعتماد اور قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے میں قومی اتحاد اور یکجہتی نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے خط میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور اس مقدس فریضے کو ہمیشہ اولین ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے قومی اہداف کے حصول میں پارلیمان اور ریاستی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
واضح رہے کہ یہ خط اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اس مراسلے کے جواب میں تحریر کیا گیا ہے، جو انہوں نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی ائیر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ارسال کیا تھا۔ اپنے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلح افواج، خصوصاً پاک فضائیہ کی غیر معمولی جرات، مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔ انہوں نے پارلیمان کی جانب سے مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور مکمل یکجہتی کے عزم کا بھی اعادہ کیا تھا۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.