
ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور بجٹ 2025ء پر تبادلہ خیال، عوامی ریلیف اور مواصلاتی ترقی پر زور
اسلام آباد : ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان، سینیٹر افنان اللہ خان، سینیٹر احمد خان، سردار الحاج محمد عمر گورگیج، سینیٹر جان محمد بلیدی، سینیٹر عبدالشکور خان اور سینیٹر پونجو بھیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی صورتحال اور وفاقی بجٹ 2025ء سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ اس مقصد کے تحت نہ صرف متعدد اہم اقدامات زیر غور ہیں بلکہ اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنانے کی سعی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مواصلات کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جدید اور مؤثر مواصلاتی نظام نہ صرف ملکی معیشت کو فروغ دیتا ہے بلکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ حکومت اس ضمن میں خصوصی توجہ دے رہی ہے کہ پسماندہ صوبوں اور علاقوں میں انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو بہتر بنایا جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو وزارت کے جاری منصوبوں، ان کی رفتار، اہداف اور درپیش چیلنجز سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مواصلاتی شعبے میں کئی اہم منصوبہ جات تکمیل کے مراحل میں ہیں جن کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے اور سیاسی قیادت ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے یکجا ہیں۔ پارلیمان، خاص طور پر ایوان بالا، وفاق کی مضبوطی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں تمام اکائیوں کی نمائندگی موجود ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر باہمی مشاورت، دانشمندی اور قومی یکجہتی کے ساتھ پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر کو مزید تقویت دیں گے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.