GLOBAL   NEWS   PAKISTAN

ڈیجیٹل جدت کے فروغ میں پی ٹی اے کا ایک اہم کردار ہے، حفیظ الرحمان

ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت- جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ 2025

اسلام آباد، —  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ 2025 میں بھرپور شرکت کے ذریعے محفوظ، مربوط اور جامع ڈیجیٹل پاکستان کے سفر میں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ریگولیٹر کا نقطۂ نظر: ایک مضبوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تعمیر” کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے پی ٹی اے کے مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ٹیلی کام چارجز کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کو ایک اہم پالیسی پیش رفت قرار دیا، جو کہ مسلسل کوششوں اور حکومتی اداروں سے مؤثر مشاورت کے نتیجے میں ممکن ہوئی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے ’رائٹ آف وے‘ (RoW) فریم ورک کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فائبر آپٹک نیٹ ورک کی تنصیب میں حائل دیرینہ رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں نیٹ ورک کی توسیع اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ تک بہتر رسائی، جامع اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

مستقبل کی کنیکٹیویٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے سپیکٹرم سے متعلق چیلنجز کے بروقت حل اور فائیو جی سروسز کے جلد اجرا کو قومی ترجیحات کے حوالے سے سرفہرست قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی، سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے مابین مؤثر اشتراک، ڈیجیٹل ترقی کے فروغ اور ایک جدید، مربوط اور بااختیار ڈیجیٹل ریاست کے قیام میں ناگزیر ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے اس امر پر روشنی ڈالی  کہ مسلسل پالیسی اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ڈیجیٹل جدت کے فروغ میں پی ٹی اے کا ایک اہم کردار ہے ۔جو نہ صرف ایک جامع اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہے بلکہ قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی ایک اہم پیش رفت  ہے۔

Field Correspondent Sohail Majeed
+ posts

Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.