
اسلام آباد : آج بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات، 5 اگست 2019، کے چھ برس مکمل ہو رہے ہیں۔ اس دن بھارت نے جموں و کشمیر کے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ علاقےکی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے دو نام نہاد ’’یونین ٹیریٹریز‘‘ میں تقسیم کر دیا تھا تاکہ اس کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کوتبدیل سکے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو کمزور کر سکے۔
گزشتہ چھ برسوں میں بھارتی حکام نےجموں و کشمیر کے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ علاقےکے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی نقشے کو بدلنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ان میں انتخابی حلقہ بندیوں میں من مانی تبدیلیاں، غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنا، باہر کے افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنا، لیفٹیننٹ گورنر کو انتظامی معاملات میں زیادہ اختیارات دینا، اور زمین و جائیداد کی ملکیت سے متعلق نئے قوانین نافذ کرنا شامل ہیں۔
5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت نےجموں و کشمیر کے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ علاقےمیں اپنے جبرواستبداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں کشمیری عوام کو اپنے ہی وطن میں بے اختیار کمیونٹی بننے کا خطرہ لاحق ہے۔ کشمیری عوام کی حقیقی قیادت تاحال قید میں ہے۔ معصوم شہریوں کو دھمکیاں، بلاجواز گرفتاریاں، اور نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشنز معمول بن چکے ہیں۔ مقامی میڈیا کو خاموش کر دیا گیا ہے۔ کشمیری عوام اپنی اظہارِ رائے اور اجتماع کی آزادی سے محروم ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے استعمال سے روکے گئے ہیں۔
بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں، اس سال کا ’’یومِ استحصال‘‘ اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پاکستانی عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، تاہم یہ دن اس امر کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔
پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کو اُن کے جائز حقوق کے حصول تک ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.