
انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام
اسلام آباد : ہر سال انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن اس بھیانک جرم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس کے محرکات اور مکروہ اثرات کو اجاگر کرنے اور عوامی آگہی کے لیے منایا جاتا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن اس سال “انسانی اسمگلنگ ایک منظم گروہی جرم_ استحصال کا خاتمہ” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے
جرائم پیشہ افراد دنیا بھر میں فکر معاش میں مبتلا روزگار کے متلاشی شہریوں کو انسانی اسمگلنگ کے ذریعے استحصال کا نشانہ بناتے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ عالمی سطح پر ایک منظم جرم کی شکل اختیار کر گیا ہے.
گزشتہ کئی برسوں میں پاکستان کے تارکین وطن کے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش میں سمندر برد ہونے کے افسوس ناک واقعات نے انسانی اسمگلنگ کے خطرناک اور مکروہ چہرے کو مزید بے نقاب کیا ہے۔
وفاقی حکومت نے انسانی اسمگلنگ اور اس سے جڑے افسوس ناک واقعات کی بروقت روک تھام کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس بنائی تاکہ مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
یہ امر قابل اطمینان ہے کہ ٹاسک فورس نے نہایت تندہی اور حکمت سے انسانی اسمگلنگ کے گھمبیرجرم کی وجوہات، محرکات اور اثرات کے سد باب کے لیے موثر طور پر کام کیا۔ وفاقی حکومت اور بالخصوص قانون نافذ کرنے والے ادارے، ایف ائی اے اور انٹیلیجنس بیورو نے انسانی سمگلنگ کے گروہوں کی کاروائیوں کو قابل تحسین حد تک کم کیا ہے۔ ان واقعات میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔
حکومت عوام کو بیرون ملک روزگار کے مواقع اور انکے قانونی طور پر حصول کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کے حوالے سے اپنے فرائض سے غافل نہیں۔ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی معاشی ترقی کے لیے اندرون و بیرون ملک بہترین معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے۔ لیکن بہتر مستقبل کے حصول کی کوشش میں کسی بھی گمراہ کن راستے کو اختیار کرنا نہ صرف اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، بلکہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے.
پاکستان انسانی اسمگلنگ روکنے حوالے سے تمام کلیدی فورمز میں فعال طور پر حصہ لیتا ہے جن میں Budapest Process، سلک روٹ کے ممالک, Bali Process، جنوب مشرقی ایشیا، آسٹریلیا، اور نیوزی لینڈ شامل ہیں، اور STARSOM پروجیکٹ، جو افریقہ اور امریکہ تک پھیلا ہوا ہے۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے ہم علاقائی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ، اسمگلنگ کو روکنے اور اپنے معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقے کی حفاظت کے لیے اپنی اجتماعی کوششوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔
آج کا دن تجدید عزم کا بہترین موقع ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، وزارت خارجہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلیجنس ادارے باہمی اشتراک سے انسانی اسمگلنگ کے مکروہ جرم کے تدارک میں اپنا مثالی کردار ادا کرتے رہیں. پاکستان عالمی سطح پر بھی اس قبیح جرم کے تدارک کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.