
اسلام آباد، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بروز بدھ پمز ہسپتال کے نئے تعمیر شدہ 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی بلاک کا اچانک دورہ کیا، جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح جلد ہی وزیرِاعظم پاکستان کریں گے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ابادی کے پیش نظر دو سو بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال شہریوں کے لیے ایمرجنسی کیئر میں “گیم چینجر” ہو گا اس نئے ایمرجنسی ٹاور میں روزانہ 10,000 مریضوں کو سہولیات فراہم کی جائے گی۔ اس جدید بلاک میں ایمرجنسی علاج کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی جو وفاقی سطح پر صحت عامہ کے شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔
جناب احسن اقبال نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں جدید ٹریاژ سسٹمز، ٹراما کیئر یونٹس، سرجیکل تھیٹرز، تشخیصی خدمات اور انتہائی نگہداشت کی صلاحیتیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹاور میں تمام اقسام کی ایمرجنسیز کا ایک ہی جگہ پر علاج ممکن بنایا گیا ہے، کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی میں متاثرہ مریضوں کی حالت، شدت، امیدِ صحت یابی اور دستیاب وسائل کی بنیاد پر ترجیحی بنیادوں پر علاج ممکن بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ “یہ منصوبہ ہماری جانب سے کریٹیکل کیئر سروسز میں مسلسل سرمایہ کاری کا مظہر ہے۔” انہوں نے پمز کو وفاقی دارالحکومت کا مرکزی ہسپتال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی توسیع سے مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے اور موجودہ ایمرجنسی رومز پر بوجھ میں کمی آئے گی۔
اپنے اچانک دورے کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا، “آج کے میرے دورے کا مقصد ذاتی طور پر منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام سطحوں پر بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یہ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو کر عوام کے لیے کھولا جا سکے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.