
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات۔
بیجنگ : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کے روز بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں چین کا دورہ کرنے والے پاکستانی پارلیمانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک-چین دوستی، اسٹریٹجک شراکت داری، پارلیمانی روابط کے فروغ اور اہم علاقائی و امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دیرینہ اور بے مثال دوستی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین دوستی باہمی احترام و اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ دوستی کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کیلئے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاک-چین پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی روابط میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ 75 سالوں پر محیط باہمی احترام اور دوستی پر مبنی پاک-چین پارلیمانی اور سفارتی تعلقات دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پورے خطے کے لیے گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ علاقائی ترقی اور باہمی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دوطرفہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی تیز رفتار ترقی کو دنیا کے لیے قابل تقلید قرار دیا اور کہا کہ صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا ویژن خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین این پی سی ژاؤ لیجی کی جانب سے پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چین کی قیادت سے متعلق تعریفی تاثرات کو سراہا اور کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کو بڑی اہمیت دیتا دیکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ چیئرمین ژاؤ لیجی نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات میں پاکستانی پارلیمانی وفد کے اراکین محترمہ رومینہ خورشید عالم، محمد نعمان، زیب جعفر اور مولانا عبدالغفور حیدری شریک تھے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.





![logo-1[1]](https://globalnewspakistan.com/wp-content/uploads/2025/01/logo-11-e1737618310315-300x187.png)