google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

ایس اے پی اور پاکستان حکومت پبلک انٹرپرائزز کو جدیدکرنے کیلئے کوشاں

اسلام آباد،24 مئی،2023  (جی این پی): منیجنگ ڈائریکٹر ایس اے پی پاکستان، عراق اور افغانستان ثاقب احمد نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کی، جس میں انہوں نے ایس اے پی اور حکومت پاکستان کی جانب سے عوامی شعبے کے اداروں اور محکموں کو ڈیجیٹل ذرائع سے جدید خطوط پر استوار کرنے کی مشترکہ کوششوں کو اجاگر کیا۔

ان کوششوں کا مقصد عوام کے لیے موثر خدمات کی فراہمی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک سیکٹر ایس اے پی پاکستان ہارون خان اور ڈائریکٹر لارج انٹرپرائز ایس اے پی پاکستان فہد زاہد بھی موجود تھے۔

ثاقب احمد نے بتایا کہ ایس اے پی کے ساتھ تعاون نےاکاونٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو آفس کو ٹیکنالوجی اور وقت کے لحاظ سے موثر بنایا ہے۔ یہ نظام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے  تک پھیلا ہوا ہے، جس سے دکانداروں، ٹھیکیداروں اور پنشنرز کو بیک وقت ادائیگیاں ہوئیں۔

ایس اے پی سافٹ وئیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اے جی پی آر آفس کو مکمل طور پر خودکار اور مربوط بنایا گیا ہے، جس سے 12 لاکھ پنشنرز کو خودکار طریقے سے پنشن کی ادائیگی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کوششیں ایس اے پی کے وژن کے مطابق ہیں تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔

پبلک سیکٹر انٹرپرائزز  کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ثاقب احمد نے بتایا کہ وزارت خزانہ ومحصولات، تمام معروف پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں، پاکستان ریلویز، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کئی دیگر ادارے عوامی خدمات کو موثر اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایس اے پی سلوشنز پر انحصار کر رہے ہیں۔

:مزید پڑھیں:جرمن فرم (ایس اے پی ) نے پاکستانی ریٹیل اسٹور امتیاز کے ساتھ اشتراک کر لیا۔

پاکستان ریلویز کو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس سلوشنز کے موثر انداز میں عملدرآمد پر پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کو سراہا۔

ثاقب احمد نے بجٹ سازی کے عمل میں وزارت خزانہ اور محصولات کی مدد، مختلف وزارتوں اور محکموں کو فنڈز کی فراہمی میں SAP کے تعاون کو اجاگر کیا۔ ایس اے پی اپنے پلیٹ فارمز اور کردار کے ذریعے اہم مالیاتی امور میں تعاون فراہم کرکے صارفین کے اعتماد پر پورا اترا ہے۔

درآمدات کے لیے لیٹر آف کریڈٹ  کھولنے پر پابندی سے متعلق ایک سوال پر ثاقب احمد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے  پر پابندی ایس اے پی کی ترقی کو متاثر کر رہی ہے۔

معاشی اور مالیاتی بحران کی وجہ سے نجی شعبے کی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہر کوئی آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت خبر کا انتظار کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیریقینی کی صورتحال جلد ختم ہوگی اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔

ثاقب احمد نے مستحکم انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیجیٹل تبدیلی پر بات کررہے ہیں، لیکن حال ہی میں انٹرنیٹ سروسز کو محدود یا بند کردیا گیا۔

اگر اس طرح کی غیر طے شدہ بندش بغیر کسی ٹھوس دلیل کی جاتی رہیں تو پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر اپنے بین الاقوامی ذمے داریوں کو کیسے پورا کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو ترقی دینے اور ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ دینا ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ثاقب احمد نے کہا کہ ایس اے پی پاکستان میں طلباء اور پروفیشنلز کو مفت ٹریننگ فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایس اے پی کے شراکت داروں کے ذریعے نوجوان طلباء اور پروفیشنلز کو ینگ پروفیشنلز پروگرام کے ذریعے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

اس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد باآسانی عالمی شہرت یافتہ اداروں میں ملازمت حاصل کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح اکیڈمی گریجویٹ پروگرام (اے جی پی) جو ایس اے پی کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے تحت پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں سے چالیس گریجویٹس کو منتخب کرکے ٹریننگ کے لیے امریکا کی سیلیکون ویلی بھیجا جاتا ہے۔ پاکستان کے باصلاحیت افراد کے لیے امریکا میں ٹریننگ حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے۔

ایس اے پی نجی شعبے کے صارفین کے ساتھ بھی تعاون کرتا ہے، جن میں اینگرو کارپوریشن، امتیاز سپر اسٹور، غلام فاروق گروپ، نیشنل فوڈز، فوجی فرٹیلائزرز، شان فوڈز، پیکجز اور دیگر شامل ہیں۔

ایس اے پی پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں بھی مضبوطی سے قدم جمائے ہوئے ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل ، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ  سمیت مختلف ادارے ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ایس اے پی سلوشنز پر اعتماد کرتے ہیں۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk