google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

ترک جمہوریہ شمالی قبرص اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت کا فروغ

1,113

اسلام آباد، 30 نومبر2021 (جی این پی) : اسلام آباد میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی چیف آف مشن محترمہ دلشاد سینول نے کہا کہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے عوام اور معیشتوں کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محترمہ دلشاد سینول نے کہا کہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص اور پاکستان کے درمیان تجارت نہ ہونے کے برابر ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں باہمی تجارت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، تعمیرات، سیاحت، تعلیم، ڈیری سیکٹر اور کنوں سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے

کہا کہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص زیادہ تر تعمیراتی میٹریل باہر سے درآمد کر رہا ہے لہذا پاکستان کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنا تعمیراتی میٹریل ان کے ملک کو برآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر بہت سی مصنوعات بھی ان کے ملک کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ملک نے کاروبار کیلئے بہتر انفراسٹرکچر تیار کیا ہوا ہے اور ان کی افرادی قوت بھی پڑھی لکھی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کی جا رہی ہیں لہذا پاکستان کے سر مایہ کار ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ملک میں 20 یونیورسٹیاں معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہیں اور ان یونیورسٹیوں میں تین ہزار سے زائد پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ ثقافت اور مذہب بھی پاکستان اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کو کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ترکی کے ساتھ تجارت کرنے کو ترجیح دیتی ہے اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں کاروباری مواقعوں کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ باہمی تعاون کے تمام ممکنہ مواقعوں کو تلاش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی شعبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جبکہ سی پیک کے تحت قائم ہونے والے اسپیشل اکنامک زونز میں بھی مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی جا رہی ہیں لہذا انہوں نے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ سی پیک سمیت پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اعلیٰ معیار کے ماربل اور گرینائٹ کے ذخائر موجود ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی شیئر کر کے میکانائزڈ مائننگ کو فروغ دینے اور ماربل کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے پر توجہ دیں۔

  چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے محترمہ دلشاد سینول کا چیمبر کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان و ترک جمہوریہ شمالی قبرص طلباء کا تبادلہ کرنے اور عوام کے درمیان بہتر روابط کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دونوں کے باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات بہتر ہوں گے۔ تاجر برادری کے دیگر ممبران نے بھی اس موقع پر پاکستان اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk