google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

وزیراعظم کی قازقستان کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

: لاہور ،17 جون 2024 (جی این پی)

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ قازقستان کے صدر عزت مآب قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں معززین نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔

اپنی گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

قازق صدر نے دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اس کی مکمل صلاحیتوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں: عید الاضحیٰ پر وزیراعظم پاکستان اور آذربائیجان کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے اہم ہیں اور دونوں فریقوں کو اس اہم جہت پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ 3-4 جولائی 2024 کو آستانہ، قازقستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم SCO سربراہان مملکت کے اجلاس میں اپنی شرکت کے منتظر ہیں۔

قازق صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز کے اگلے ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں مدعو رہنما علاقائی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع ایجنڈے پر تبادلہء خیال کریں گے۔

وزیراعظم نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت بھی دی جسے قازقستان کے صدر نے خوش اسلوبی سے قبول کیا۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk