google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

عید الاضحیٰ پر وزیراعظم پاکستان اور آذربائیجان کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ

: لاہور ،16 جون 2024 (جی این پی)

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علییوف کے درمیان آج ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور اس پرمسرت موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے لیے اپنی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیر تعلیم کی اعلیٰ تعلیم میں بہتری کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ ء خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اس سال کے آخر میں باکو میں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز  کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد پیش کی اور اس کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علییوف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے خصوصاً اس امر کو سراہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کو مستقل اور مضبوط حمایت فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے صدر علییوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر علییوف نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk