
اسلام آباد : بعض حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے نے ایک شہری کو بلاجواز روک کر آف لوڈ کیا ہے۔
اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ مورخہ 10 جولائی 2025 کو وقاص اختر ولد محمد اختر نامی شخص، سعودی عرب عمرہ ویزے پر سفر کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر آیا۔
ابتدائی چیکنگ کے دوران جب اس کی ٹریول ہسٹری اور سابقہ پروفائل کی جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ 2010 میں برطانیہ گیا تھا اور بعد ازاں 2016 میں غیر قانونی قیام کے باعث ایمرجنسی پاسپورٹ پر ڈی پورٹ ہوا۔
مزید یہ کہ وہ برطانیہ میں ایک بلیک لسٹڈ کالج میں داخلہ لینے کے بعد 6 سال تک غیر قانونی طور پر مقیم رہا۔ اس پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافر کا پروفائل ایف آئی اے کی جاری کردہ “رسک پروفائل ریکارڈ کے مطابق ایک ممکنہ غیر قانونی امیگرنٹ کے طور پر شناخت ہوا، جس بناء پر مسافر کو آف لوڈ کیا گیا۔
یہ واضح کیا جاتا ہے کہ مسافر کو محرم کی عدم موجودگی کی بنیاد پر آف لوڈ نہیں کیا گیا۔ ایف آئی اے کا مینڈیٹ امیگریشن قوانین کے تحت دستاویزی درستگی، ماضی کے سفر کا جائزہ، اور ممکنہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام پر مبنی ہوتا ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں بیان کردہ الزامات غیر مصدقہ، یک طرفہ اور بد نیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور ایف آئی اے کے ادارہ جاتی وقار کو متاثر کرنا ہے
ایف آئی اے بطور ادارہ غیر مصدقہ معلومات کی بنیاد پر کسی بھی من گھڑت پراپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ادارے کی اولین ترجیح ملکی مفاد، قانونی تقاضوں کی پاسداری، اور شہریوں کا محفوظ سفر یقینی بنانا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.