
اسلام آباد : پاکستان کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر اور سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے مشترکہ تعاون سے غیر قانونی آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ اور سم کے غیر قانونی اجرا کے خلاف اقدامات کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔
دو مختلف اقدامات کے تحت پی ٹی اے اور NCCIA نے غیر قانونی آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ اور غیر مجاز سم اجرا کے حوالے سے اقدامات کئے ۔ پی ٹی اے زونل آفس کراچی نے NCCIA حیدرآباد کے ساتھ مل کر لطیف آباد یونٹ 8، چراغ کمپلیکس، حیدرآباد میں واقع ایک موبائل مرمت کی دکان پر کامیاب چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور آئی ایم ای آئی کلوننگ میں استعمال ہونے والا مخصوص سافٹ ویئر قبضے میں لے لیا گیا۔ واقعے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر کے NCCIA نے تحویل میں لے لیا تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اسی طرح، پی ٹی اے کراچی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر NCCIA نے کراچی کے علاقے گلزارِ ہجری، اسکیم 33 میں واقع کرن/میمن اسپتال کے قریب ایک زونگ فرنچائز پر چھاپہ مارا، جو سم کے غیر قانونی اجراء میں ملوث تھی۔ چھاپے میں مشتبہ ڈیوائسز قبضے میں لے لی گئیں جبکہ فرنچائز منیجر سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔ مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
یہ اقدامات پی ٹی اے کے ملک گیر ڈیجیٹل سیکیورٹی اور ضوابط پر عملدرآمد کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.