
*چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ماحول کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
اسلام آباد : ماحول کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں ماحول کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ یہ دن نہ صرف ایک یاد دہانی ہے بلکہ ایک اجتماعی عزم کا موقع بھی ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول فراہم کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور آبی وسائل کی کمی جیسے چیلنجز ہمارے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان مسائل کا حل صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری، ادارے، اور معاشرے کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے ہمیں مقامی، قومی اور عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو فروغ دینا ہوگا۔ شجرکاری، پانی کے درست استعمال، پلاسٹک سے اجتناب، اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان ماحولیاتی تحفظ کے لیے قانون سازی، پالیسی سازی اور نگرانی کے عمل میں اپنی مکمل ذمہ داری نبھاتا رہے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور آگاہی پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
آخر میں چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک سرسبز و شاداب ملک کے طور پر دنیا میں ایک مثال بنے گا، جہاں ترقی اور ماحول ایک ساتھ آگے بڑھیں گے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.