
ینگ انجینئرز نیشنل فورم کی ضلعی سطح پر تنظم سازی کا فیصلہ
اسلام آباد – پاکستان میں نوجوان انجینئرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) نے باضابطہ طور پر ینگ انجینئرز نیشنل فورم قائم کر دیا ہے۔ یہ فورم چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر کے وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوان انجینئرز کو قومی سطح پر ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا، فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ پی ای سی گورننگ باڈی کے رکن اور ینگ انجینئرز افیئرز ورکنگ گروپ کے ممبر انجینئر عثمان فاروق کو اس فورم کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
ینگ انجینئرز نیشنل فورم کا افتتاحی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت انجینئر عثمان فاروق نے کی۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے نوجوان انجینئرز کی قیادت نے شرکت کی جبکہ بیرون ملک مقیم نوجوان انجینئرز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ینگ انجینئرز افیئرز ورکنگ گروپ کے سیکرٹری انجینئر سلمان احمد نے شرکاء کو فورم کے مقاصد، اہداف اور تنظیمی ڈھانچے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں کئی گھنٹوں تک مشاورت اور تبادلہ خیال جاری رہا۔
اجلاس کے دوران ایک اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ ینگ انجینئرز نیشنل فورم کی تنظیم سازی پاکستان بھر میں ضلعی سطح پر کی جائے گی۔ اس اقدام سے نوجوان انجینئرز کو دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں نمائندگی اور رسائی حاصل ہوگی۔ یہ اقدام شمولیت، قائدانہ تربیت، اور مقامی سطح پر انجینئرنگ نوجوانوں کے ساتھ مضبوط روابط کے لیے اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر انجینئر عثمان فاروق نے کہا کہ اس فورم کا بنیادی مقصد نوجوان انجینئرز کو خود فیصلے کرنے کا اختیار دینا اور پیشہ وارانہ مستقبل کی سمت متعین کرنے میں ان کا کردار مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یانگ انجینئرز نیشنل فورم نہ صرف نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرے گا بلکہ انہیں پالیسی سازی اور پیشہ وارانہ معاملات میں مؤثر شرکت کا موقع بھی دے گا۔ ضلعی سطح کی تنظیم سازی مقامی قیادت کو بااختیار بنائے گی، ان کی قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارے گی اور انہیں نچلی سطح پر متحرک کرے گی۔
پی ای سی کی حالیہ گورننگ باڈی میٹنگ میں اس فورم کے قیام کی باضابطہ منظوری دی گئی تھی۔ ینگ انجینئرز نیشنل فورم کا مقصد نوجوان انجینئرز کے لیے ایک مضبوط، منظم اور نمائندہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں روزگار کے مواقع، جدید تربیتی پروگرامز، پروجیکٹ مقابلے، قائدانہ تربیت اور سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس اقدام کے ذریعے پی ای سی نوجوان انجینئرز کو بااختیار بنانے اور پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کے مستقبل میں ان کا کلیدی کردار یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.