
دس نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیاجس پر تفصیلی بحث کے بعد تمام نکات کی متفقہ منظوری دی گئی
اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن (NACTE) کا 23 واں اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جامعہ کے وائس چانسلر اور نیکٹی کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔اجلاس میں ملک بھر سے 16 ارکان نے بنفسِ نفیس شرکت کی جبکہ 4 ارکان نے آن لائن شرکت کے ذریعے اجلاس میں اپنی موجودگی یقینی بنائی۔ اجلاس میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی معیار کے فروغ اور ادارہ جاتی بہتری سے متعلق اہم فیصلے زیر غور آئے۔اجلاس کے آغاز میں کونسل کی سیکرٹری، ڈاکٹر شمسہ عزیز نے دس نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس پر تفصیلی بحث کے بعد تمام نکات کی متفقہ منظوری دی گئی۔ ایجنڈا کے اہم نکات میں گذشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری،اکتوبر 2024 سے اپریل 2025 تک کی کارکردگی رپورٹ کی پیشکش،مختلف ٹیچر ایجوکیشن پروگراموں کے لیے ایکریڈیٹیشن ایوارڈ کی منظوری،پروویژنل/صفر درجہ ایکریڈیٹیشن سرٹیفکیٹ کی منظوری،کونسل کے آن لائن اجلاس کے طریقہ کار کی منظوری،نظرثانی شدہ نیشنل ایکریڈیٹیشن اسٹینڈرڈز، ٹولز اور پروسیجرز کی توثیق،مالی سال 2025-26کے بجٹ کی منظوری،نیا بینک اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت،سرمایہ کاری کمیٹی کی تشکیل کی منظوری،آفس بوائے کی کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری شامل تھیں۔اجلاس میں اساتذہ کی تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے، ایکریڈیٹیشن کے عمل کو شفاف اور موثر بنانے اور تنظیمی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین کونسل، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل انہی امور کی منظوری دے گی جن کی وہ قانونی مجاز ہے اور ہم اس عمل میں تمام صوبوں کو باقاعدہ طور پر آن بورڈ لیں گے تاکہ فیصلوں میں شفافیت، ہم آہنگی اور بین الصوبائی تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیکٹی تعلیمی اداروں میں معیار اور احتساب کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گی۔اجلاس کا اختتام تعلیمی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کے اظہار کے ساتھ ہوا۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.