
ایف پی سی سی آئی فیڈرل کیپٹل کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی و سماجی ہم آہنگی کاچھٹا اجلاس
پاکستانی و سعودی حکومتیں سنجیدگی سے جائزہ لیں اور معاملہ حل کریں’ عل ما
اسلام آباد’: ایف پی سی سی آئی کی فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی و سماجی ہم آہنگی کے چھٹے اجلاس کا ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد میں کنوینئر حضورالاسلام عباسی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مذہبی و سماجی ہم آہنگی کے فروغ، عازمین حج و آرگنائزرز کو درپیش مشکلات سمیت مختلف امور پر غور وخوض کیا گیا۔67ہزار سے زائد پاکستانیوں کے حج جیسے مقدس فریضہ سے محروم ہونے اور عازمین و آرگنائزرز کو اربوں روپے کے نقصان کے خدشہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس بارے میں سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی کنوینئر مفتی محمود عامر، چیئرمین ریٹیلرز اعجاز خان، سابق سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر محمود وڑائچ، چیئرمین مذہبی امور کمیٹی اسلام آباد چیمبر طارق وانی، ایگزیکٹیو ممبر چوہدری محمد عرفان اور چوہدری محمد نواز بسرا سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حضور الاسلام عباسی اور مفتی محمود عامر نے کہا کہ جنوری میں ہونیوالے معاہدہ کے تحت ایک لاکھ 79ہزار210پاکستانی عازمین کو حج کرنے کی اجازت دی گئی جن میں سے تقریباً90ہزار افراد نے سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کرنا ہے۔ بعد ازاں وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں صرف 23ہزار620عازمین کو نجی طور پر حج کرنے کی اجازت دی گئی جس سے 67ہزار عازمین حج کے مستقبل بارے سوالات اٹھ گئے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ عازمین حج کی سہولت کے لیے پاکستان سے سعودی عرب کو 2.67 ارب سعودی ریال(تقریبا 199.67 ارب روپے)منتقل کیے گئے ہیںاور اس طرح67ہزار عازمین کی جانب سے ادا کیے گئے 36 ارب روپے سے زائد کی رقم اب غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔حضورالاسلام عباسی ، مفتی عامر محمود و دیگر شرکاء نے مزید کہا کہ ان عازمین میں زیادہ ترغریب لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنی سالوں محنت کرکے فریضہ حج کیلئے رقم جمع کی اور اب ان کی رقم ضائع ہونے کیساتھ ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی بھی خطرے سے دوچار ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی اور سعودی حکام ہزاروں عازمین کے معاملے کاسنجیدگی سے جائزہ لیں اور عازمین کے حق میں اس کا حل نکالیںتاکہ عازمین حج کا فریضہ کے دوران ملک و ملت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں اور یہ خیر کا باعث بنے۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.