
امریکہ میں سفیر پاکستان کی کیلی فورنیا میں اینجلس ورلڈ افیئر کونسل کے ساتھ ملاقات
لاس اینجلس : امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے لاس اینجلس ورلڈ افیئرز کونسل کے ایک وفد کا استقبال کیا جس کی قیادت بورڈ کی چیئر پرسن ماریا کونٹریاس سویٹ اور بورڈ کے سینئر ممبران نے کی۔ لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان بھی موجود تھے۔
دونوں فریقوں نے معاشی ترقی، توانائی کی منتقلی، آبی تحفظ، آبادیاتی رجحانات، خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں پیشرفت سمیت عالمی اور علاقائی معاملات پر بات چیت کی۔
وفد نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس کا مقصد جامع اور پائیدار ترقی اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کے ماحول کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہوں نے آپریشن بنیاد مرصوص کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دیرپا امن اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں طویل مدتی امن کے لیے جموں و کشمیر تنازعہ کا منصفانہ، پرامن اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات کے بعد سفیرِ پاکستان نے ورلڈ افیئرز کونسل کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے ریمارکس میں انہوں نے پاکستان کی معاشی بحالی، وقار کے ساتھ امن کے لیے اس کے وژن اور پاکستان-امریکہ کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاشی استحکام اور ترقی کی حکمت عملی ایک مستحکم اور محفوظ علاقائی ماحول سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کو مؤثر طریقے سے پسپا کرنے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم، طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر بھارت کی جانب سے مستقبل میں بھی کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان اپنی سالمیت کا بھرپور دفاع کرنے کا عزم رکھتا ہے ۔
سفیر پاکستان نے بین الاقوامی معاہدوں اور قانونی فریم ورک کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا خاص طور پر بین الاقوامی آبی وسائل کے حوالے سے جو کہ قومی سلامتی اور خطے کے کروڑوں لوگوں کی پائیدار ترقی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
سفیر نے خطے میں حالیہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کے کردار کو سراہا۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع تر اور کثیر جہتی شراکت داری بشمول انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پارٹنرشپ کو اجاگر کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے ، خاص طور پر ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے پس منظر میں اس تعاون کومزید بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا انہوں نے امن کے فروغ اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پائیدار حل سمیت علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے امریکہ کی مسلسل مصروفیت کا خیرمقدم کیا۔
سفیر پاکستان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انتہاپسند ہندوتوا نظریہ اور آر ایس ایس کے اثر و رسوخ سے چلنے والی ہندوستان میں بڑھتی ہوئی لاپرواہ اور تسلط پسند حکومت سے پیدا ہونے والے فاشسٹ اور نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز انداز اقدامات علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے لاس اینجلس ورلڈ افیئرز کونسل سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عالمی امن اور مکالمے کو فروغ دینے میں فعال طور پر مصروف رہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے ورلڈ افیئر کونسل کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.