
بھارتی حملے کے بعد شیخوپورہ میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا دورہ
شیخوپورہ: – وزیر اعظم میاں شہباز شریف، آرمی چیف سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے عسکری حکام کے ہمراہ شیخوپورہ اور مریدکے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بھارتی حملے کا شکار ہونے والی گورنمنٹ جامعہ ام القریٰ مسجد کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مسجد کی دوبارہ تعمیر کے حکومتی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اپنے ذاتی خرچ سے مسجد کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان کو پھولوں اور پھلوں کے تحائف پیش کیے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ شہداء کے لواحقین کی مکمل سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح مبین سے نوازا ہے۔ ہمارے شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا اور دشمن اپنی غلطی پر پچھتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے صرف بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر انسانیت کی بہترین مثال قائم کی ہے جبکہ بھارت نے ہماری مساجد اور سول آبادی پر حملے کر کے اپنی جارحیت کا ثبوت دیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے عالمی مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے علاوہ پوری دنیا ہمارے مؤقف کی تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وژن کے تحت ہمارا دفاعی نظام مضبوط سے مضبوط تر ہوا ہے اور دنیا اب پاکستان کو برابری کی سطح پر ڈیل کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی کوششیں قابل قدر ہیں، تاہم کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
رانا تنویر حسین نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ بھارتی غرور کی حامل ٹیکنالوجی اب بلال گنج لاہور میں فروخت ہوتی نظر آئے گی۔
Sohail Majeed is a Special Correspondent at The Diplomatic Insight. He has twelve plus years of experience in journalism & reporting. He covers International Affairs, Diplomacy, UN, Sports, Climate Change, Economy, Technology, and Health.