اسلام آباد، 4 مئی 2023، (جی این پی): کامسٹیک کا یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے گیمبیا کے ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال کے لیے سکالرشپس کا اعلان۔
یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ مل کرکامسٹیک مختلف شعبوں میں 15 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس پیش کر رہا ہے۔ یہ وظائف بائیو میڈیکل سائنسز، فارمیسی، مینجمنٹ سائنسز، شماریات، میڈیکل امیجنگ سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ، الیکٹرانکس اور الیکٹریکل سسٹمز، اور ڈائیٹیٹکس اور نیوٹریشن سائنسز میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کے طلباء کو دی جائیں گی۔
یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین جناب اویس رؤف نے کہا کہ کامسٹیک کے ساتھ مل کر یونیورسٹی آف لاہور گیمبیا کے تعلیم اور صحت کے شعبوں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے سکالرشپ فراہم کرےگی۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال گیمبیا کا واحد تدریسی ہسپتال ہے، اور 600 سے زائد بستروں کی گنجائش کے ساتھ پورے ملک کے لیے اہم سینٹر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ وظائف ان کے صحت کے شعبے کو ترقی میں مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم مستقبل میں اس ہسپتال اور گیمبیا کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تمام منتخب طلباء کو یونیورسٹی آف لاہور میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا، اور ان اسکالرشپس کا بنیادی ہدف گیمبیا میں تعلیم اور صحت کے شعبے کی حمایت اور ترقی کرنا ہے۔ طلباء کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ وہ اپنے تعلیمی خوابوں کو پورا کریں اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
کامسٹیک یونیورسٹی آف لاہور کی انتظامیہ کا ان کی کامسٹیک کے منصوبوں کی غیر متزلزل حمایت پر شکر گزار ہے۔ یہ وظائف نہ صرف مالی امداد فراہم کریں گے بلکہ ایک مختلف ثقافت اور متنوع تعلیمی ماحول سے روشناس ہونے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔