google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

کامسٹیک اور اردن یونیورسٹی کا جدید سپیکٹروسکوپک مہارتوں پر ورکشاپ کا اہتمام

اس ورکشاپ نے جدید اسپیکٹروسکوپک آلات اور سافٹ ویئر پر تربیت کا موقع فراہم کیا جو کیمیکل اور بائیولوجیکل سائنسز کے میدان میں استعمال ہوتے ہیں۔

اسلام آباد، 13 مارچ 2023 (جی این پی) :  کامسٹیک اور یونیورسٹی آف اردن کے شعبہ کیمسٹری نے 12-14 مارچ کے دوران مشترکہ طور پر “جدید سپیکٹروسکوپک تکنیک اور تحقیق میں ان کا اطلاق” پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

یہ تین روزہ ورکشاپ نامور اسکالرز کے لیکچرز اور عملی سیشنز پر مشتمل تھی جس میں سپیکٹروسکوپک ڈیٹا کی تشریح کے حوالے سے تجربات شامل تھے۔ اس ورکشاپ نے جدید اسپیکٹروسکوپک آلات اور سافٹ ویئر پر تربیت کا موقع فراہم کیا جو کیمیکل اور بائیولوجیکل سائنسز کے میدان میں استعمال ہوتے ہیں۔ ہر لیکچر کے بعد منعقد کئے گئیے بحث کے سیشن نے جدید سپیکٹروسکوپک تکنیکوں کے علم اور سمجھ کو مزید تقویت بخشی اور او آئی سی ممالک کے سائنسدانوں کے درمیان تحقیقی شراکت کو فروغ دیا۔

اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی مسٹر عسکر مسینوف نے کہا کہ کامسٹیک اور یونیورسٹی آف اردن کے زیر اہتمام اس 3 روزہ پروگرام میں آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکٹروسکوپی چھوٹے کیمیائی مرکبات کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی میکرو مالیکیولز کی ساخت اور کام کی تحقیقات کے لیے ضروری آلات پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ یہ تقریب مختلف یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے نامور سکالرز کے تعاون کے ذریعے علاقائی سطح پر جدید سپیکٹروسکوپک تکنیکوں میں صلاحیت کی ترقی اور مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : استنبول میں یوریشیا سمٹ میں پہلے پاکستانی پویلین کا افتتاح

انہوں نے او آئی سی سیکریٹریٹ کی جانب سے اس شاندار ورکشاپ کے انعقاد کے لیے کامسٹیک اور یونیورسٹی آف اردن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کامسٹیک کو اس کے مشن اور مقاصد کے حصول کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

افتتاحی اجلاس سے جناب پروفیسر ڈاکٹر ناطیر عبیدات، صدر یونیورسٹی آف اردن، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اور ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس، میجر جنرل سجاد علی خان (ریٹائرڈ)، سفیر، سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان، عمان، اردن، سفیر عسکر مسینوف، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سائنس و ٹیکنالوجی اسلامی تعاون تنظیم، پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان فیلو رائیل سوسائٹی، صدر، نیٹ ورک آف اکیڈمی آف سائنسز آف اسلامک کنٹریز ، ناسک، پروفیسر ایمریٹس/ سرپرست اعلیٰ آئی سی سی بی ایس، پروفیسر ڈاکٹر عدنان بدران، اردن یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر عظمی مہفزہ، وزیر تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق نے خطاب کیا۔

افتتاحی سیشن میں اردن یونیورسٹی نے کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کا رکن بننے کا اعلان کیا اور کامسٹیک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔

جرمنی، چین، یونان، پاکستان، اردن اور مصر کے سپیکٹروسکوپی کے ماہرین نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی۔ ان مقررین میں، ہمارے پاس اس شعبے کے علمبردار تھے جن کا کام دنیا بھر کے کیمیا دانوں اور ماہرین حیاتیات کے لیے رہنمائی کر رہا ہے۔ ورکشاپ میں الجزائر، پاکستان، اردن، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، ترکی، امریکا، کینیا، فلسطین اور قازقستان کے محققین نے شرکت کی۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk