اسلام آباد، 13 فروری : کامسٹیک اور انٹرنیشنل سینٹر فار جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بائیو ٹیکنالوجی ، آئی سی جی ای بی، اٹلی نے مشترکہ طور پر او آئی سی کے رکن ممالک کے محققین کے لیے پانچ ریسرچ گرانٹس اورچھ فیلو شپس فراہم کیں ہیں، جن کی مالیت 52.65 ملین روپے ہے۔
کیمرون، ایران، عراق، نائیجیریا، سوڈان اور تیونس کے محققین کو 3 سے 10 ماہ کی طویل مدت کی فیلو شپس دی گئی ہے، جس کی میزبانی ہنگری، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، الجزائر اور اٹلی کریں گے۔
الجزائر، ایران، کویت، ملائیشیا اور پاکستان کے محققین کی جانب سے پیش کیے گئے تحقیقی منصوبوں کو، فی منصوبہ 20،000 یورو کی تحقیقی گرانٹ دی گئی ہے۔
کامسٹیک اور آئی سی جی ای بی نے مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو آسان اور مضبوط بنانے کے لیے سائنس، تعلیم اور ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے اپریل 2022 میں ایک سائنسی تعاون پروگرام کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت تحقیقی منصوبوں کی مالی معاونت، تربیتی پروگرام کا انعقاد ، اور فیلوشپس دی جا رہی ہیں۔
کامسٹیک سائنسی اور تکنیکی تعاون پر او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی ہے، سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے اطلاق کے ذریعے او آئی سی کے رکن ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کام کرتی ہے، جب کہ بین الاقوامی مرکز برائے جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بائیو ٹیکنالوجی ایک بین الحکومتی ادارہ ہے۔ یہ پائیدار عالمی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، تربیت اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں منتقلی کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کرتا ہے۔