google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk
Pakistan's Premier Multilingual News Agency

کورونا وائرس کی وبا پر عالمی تعاون کے ساتھ مل کر قابو پائیں گے، شاہ سلمان

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پر عالمی تعاون کے بغیر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔

:(جی این پی)سعودی عرب

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جی 20 سربراہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ریاض کانفرنس ایسے مضبوط اور مستحکم فیصلے کرے گی جس سے معاشی اور سماجی سطح پر وہ تبدیلیاں آئیں گی جو اقوام عالم کی امیدوں کو بحال کرنے میں مدد دیں گی۔
ماحولیاتی تبدیلی کے بے رحم اثرات کو روکنے کے لئے ماحول دوست توانائی کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی آلودگی بڑھنے سے انسانی تکالیف مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ماحولیات کو بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہوتے جا رہے ہیں۔
ریاض کانفرنس بین الاقوامی برادری کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ کرنے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرے گی جس سے ہمارے بچوں کا مستقبل زیادہ محفوظ ہو گا۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ہمیں ایسے مواقع پیدا کرنا ہوں گے جہاں خواتین اور نوجوان نسل کے لئے روزگار کے نئے ذرائع سامنے آئیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ تعلیم اور فنی تربیت کے نئے ادارے قائم کئے جائیں جو عالمی سطح پر جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق لوگوں کو تیار کریں۔
ہمیں معاشی شرح نمو کے لئے کام کرنا ہو گا۔ ماضی میں ترقی پذیر ممالک نے جو ترقی کی ہے اس کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ان ممالک کے سیاسی، سماجی اور معاشی شعبوں میں مزید ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مختلف ممالک پر زور دیا کہ وہ تجارت کے لئے اپنی سرحدیں کھولیں تاکہ چھوٹے ممالک کو آگے بڑھنے میں مدد ملے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین بنانے میں کامیابی حاصل ہو گئی ہے اب دنیا کے ہر فرد تک اس کی رسائی کو ممکن بنانے کے اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ دنیا کو اس وبا سے محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا سے معیشت کو جو نقصان پہنچا ہے اس کی سپورٹ کے لئے سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مختلف کاروباری اداروں کو 11 ہزار ارب ڈالر فراہم کئے ہیں۔ اس وبا سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہو گا اور عالمی تعاون کے بغیر اس وبا سے چھٹکارا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2020 کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر کے لئے ایک مشکل سال ثابت ہوا جس میں معاشی اور سماجی بحرانوں نے جنم لیا۔
شاہ سلمان نے کہا کہ اس بات کا افسوس رہے گا کہ ریاض سربراہ کانفرنس جی 20 میں آپ تمام لوگوں کو یہاں خوش آمدید نہیں کہ سکا کیونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اس کانفرنس کو آن لائن منعقد کرنا پڑا۔

google-site-verification=jrFRO6oYNLK1iKh3HkH_yKgws4mFcOFcPvOCyqbqAnk