اسلام آباد، 28 مئی (کامسٹیک): انٹرنیشنل ترکک اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر درخان قادرعلی نے بین الاقوامی “الفارابی – اقبال” فورم کے موقع پر کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو گولڈ میڈل پیش کیا۔ یہ فورم الماتی، قازقستان میں 26-27 مئی کو منعقد ہوا۔
ترکک اکیڈمی کے صدر نے کہا کہ اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو ترکک دنیا میں تعاون کی ترقی میں غیر معمولی خدمات انجام دینے پر اپنے باوقار ایوارڈ “گولڈ میڈل” سے نواز رہی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ طبی کیمیا دان ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی جرائد میں آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبوں میں 1,175 تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں، 76 کتابیں اور 40 ابواب بڑے امریکی اور یورپی پریس میں شائع کر چکے ہیں۔ انہوں نے اب تک 40 امریکی پیٹنٹ حاصل کیے ہیں۔
ڈاکٹر چودھری کے کام کو دنیا بھر کے محققین نے 30,000 مرتبہ نقل کیا ہے اور ان کا ایچ انڈیکس 70 ہے۔ اب تک 98 قومی اور بین الاقوامی سکالرز ان کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر چوہدری کو پاکستان کی مختلف حکومتوں نے ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نوازا ہے۔ وہ مصطفیٰ پرائز، ای سی او ایوارڈ، خوارزمی ایوارڈ، کامسٹیک ایوارڈ، ٹواس ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ، اور پروفیسر عبدالسلام پرائز بھی حاصل کر چکے ہیں۔